عنوان: ریونیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ میں بڑے فراڈ کا انکشاف، تحصیلدار گرفتار، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری
کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ میں سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال، بدعنوانی اور جعلسازی کے ایک بڑے اسکینڈل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ کوئٹہ کے تحصیلدار، قانونگو اور پٹواری کی ملی بھگت سے سرکاری ریکارڈ میں رد و بدل کر کے ایک جائیداد کا غیر قانونی انتقال منسوخ کیا گیا ہے۔
*مقدمے کی تفصیلات:*
ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ *عبدالغفار نوتیزئی تحصیلدار، سیٹلمنٹ آفس کوئٹہ* نے *نصرالدین قانونگو* اور *عنایت اللہ پٹواری* کے ساتھ مل کر اصل مالک کو کسی قسم کی اطلاع یا نوٹس دیے بغیر مورخہ *24 مارچ 2023* کو *انتقال نمبر 3210* غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیا۔
اس جعلسازی کے نتیجے میں *پرانا انتقال نمبر 2253* بحال کیا گیا اور اس کے بعد مزید *انتقال نمبر 3296 اور 3313* کا اندراج بھی عمل میں لایا گیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف *پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 408، 409، 420، 467، 468، 471 بمعہ دفعہ 5(2) کرپشن ایکٹ 1947* کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
*گرفتاریاں:*
کارروائی کے دوران مرکزی ملزم *عبدالغفار نوتیزئی، تحصیلدار* کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر ملوث ملزمان *نصرالدین قانونگو* اور *عنایت اللہ پٹواری* کی گرفتاری کے لیے اینٹی کرپشن ٹیموں کے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں بدعنوانی اور عوام کے ساتھ فراڈ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ کرپشن کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔
*ترجمان*
*اینٹی کرپشن اسٹیبلمنٹ بلوچستان*
*کوئٹہ*




