وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا میرٹ، ریل گاڑی کے پنکچر سے بھی نایاب! محکمۂ صحت میں احتساب کب؟

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا میرٹ، ریل گاڑی کے پنکچر سے بھی نایاب! محکمۂ صحت میں احتساب کب؟ بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان

کوئٹہ ( اولس نیوز ) بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ سخت بیان میں کہا ہے کہ 1970 سے لے کر 2023 تک جتنی بھی حکومتیں آئیں، کسی حکومت نے سرکاری نوکریوں کے معاملے میں اس قدر مبینہ کرپشن، اقرباپروری اور من پسند افراد کو نوازنے کے الزامات کا سامنا نہیں کیا، جس طرح موجودہ حکومت کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے کرپشن اور اقرباپروری کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صرف اپنا لہجہ سخت کیا ہے اور میڈیا کے سامنے بار بار میرٹ اور شفافیت کی بات کرتے ہیں، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس دکھائی دیتی ہے۔ اگر واقعی حکومت میرٹ پر اتنی ہی سنجیدہ ہے تو پھر محکمۂ صحت میں مبینہ طور پر سفارش، اقرباپروری اور نوکریوں کی خرید و فروخت کے الزامات پر عملی کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟
ترجمان نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر خود حکومتی کابینہ کے ایک وزیر کی جانب سے نوکریاں بکنے کا اعتراف کیا گیا ہے۔ اگر یہ بات غلط ہے تو حکومت اس کی تردید کرے، اور اگر درست ہے تو پھر وزیراعلیٰ بلوچستان بتائیں کہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟
محکمۂ صحت میں سفارش کا بازار گرم ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ خاموش کیوں ہیں؟

ترجمان نے کہا کہ محکمۂ صحت میں مبینہ طور پر سفارش اور من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ نیو ٹراما سینٹر میں ہونے والی بھرتیوں پر بھی سفارش کلچر کے سنگین سوالات اٹھائے گئے، لیکن آج تک اس معاملے پر کوئی واضح اور فیصلہ کن کارروائی سامنے نہیں آئی۔

بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان نے سوال کیا کہ وزیرِ صحت اور ہیلتھ سیکریٹری کا احتساب آخر کب ہوگا؟ کیا وزیراعلیٰ بلوچستان صرف میڈیا کے سامنے میرٹ کی بات کرتے رہیں گے یا عملی طور پر اپنے وزراء اور دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف بھی کارروائی کریں گے؟

ترجمان نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کریں۔ صرف سخت لہجہ اختیار کرنے اور میڈیا کے سامنے میرٹ کے دعوے کرنے سے میرٹ قائم نہیں ہوتا۔ اگر آپ کی حکومت میں واقعی میرٹ ہے تو پھر سفارش، اقرباپروری اور نوکریوں کی مبینہ فروخت کے خلاف عملی ایکشن کیوں نظر نہیں آتا؟

ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے میرٹ اور نوکریوں کی فروخت کے حوالے سے کیے جانے والے دعوے اب عوام کو متاثر نہیں کر رہے۔ آپ کا میرٹ ایسا لگتا ہے جیسے ریل گاڑی پنکچر سے دور ہو۔

بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان مطالبہ کرتی ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے دعووں کو عملی جامہ پہنائیں، محکمۂ صحت میں ہونے والی بھرتیوں کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، سفارش اور اقرباپروری کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی وزیر، افسر یا ذمہ دار شخص کے خلاف الزامات ثابت ہوں تو ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں