پاکستان میں سائبر حملوں کا ہائی الرٹ، ونڈوز پر واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ کے استعمال سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد: نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) نے واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ کے ذریعے ممکنہ سائبر حملوں کے خطرات کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کرنے کی اطلاع دی ہے۔ روزنامہ قدرت کے مطابق حساس معلومات رکھنے والے سرکاری افسران اور متعلقہ صارفین کے لیے خطرے کی سطح بلند قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائبر حملہ آور سرکاری حکام اور محکموں کی جعلی شناخت استعمال کرکے واٹس ایپ ویب، ڈیسک ٹاپ اور ای میل کے ذریعے فشنگ پیغامات اور نقصان دہ فائلیں بھیج رہے ہیں۔ بظاہر سرکاری دستاویزات جیسی دکھائی دینے والی ان فائلوں کے ذریعے ونڈوز کمپیوٹرز کو نشانہ بنانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ کمپیوٹر متاثر ہونے کی صورت میں ہیکرز کو سسٹم تک غیر مجاز رسائی حاصل ہونے، پاس ورڈز اور حساس معلومات چوری ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کے منسلک سیشن تک رسائی حاصل کرکے دوسرے افراد کے ساتھ دھوکا دہی بھی کی جا سکتی ہے۔
صارفین کے لیے حفاظتی ہدایات
رپورٹ کے مطابق حساس معلومات رکھنے والے افسران کو ونڈوز کمپیوٹرز پر واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ استعمال نہ کرنے اور سرکاری کمپیوٹرز پر واٹس ایپ کی فائلیں منتقل کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی Linked Devices فہرست میں موجود نامعلوم ڈیوائسز کے سیشن بند کریں، غیر تصدیق شدہ لنکس اور فائلیں نہ کھولیں اور اپنا پاس ورڈ، ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) یا تصدیقی کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
رپورٹ میں واٹس ایپ اور دیگر متعلقہ اکاؤنٹس پر دو مرحلوں والی تصدیق فعال رکھنے اور ونڈوز، ویب براؤزرز اور دیگر سافٹ ویئرز کو اپ ڈیٹ رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اگر کسی صارف کو اپنے کمپیوٹر یا اکاؤنٹ میں غیر مجاز سرگرمی کا شبہ ہو تو اسے متاثرہ ڈیوائس کو نیٹ ورک سے الگ کرنے اور مشکوک پیغامات و لاگز کو ثبوت کے طور پر محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں