نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ کل (بدھ) شام 4:30 بجے کوئٹہ پریس کلب میں نیشنل پارٹی کا گرینڈ شمولیتی پروگرام منعقد ہوگا، جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع، بالخصوص پنجگور سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن نیشنل پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کریں گے۔
تقریب سے نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر سینئر رہنما خطاب کریں گے۔ میر رحمت صالح بلوچ کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی مایوسی کے ماحول میں مختلف جماعتوں سے وابستہ افراد کا نیشنل پارٹی میں شامل ہونا پارٹی کی پرامن، جمہوری اور اصولی سیاست پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی بڑی تعداد کا نیشنل پارٹی کا انتخاب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے حقوق، وسائل، ساحل اور سیاسی خودمختاری کے حوالے سے پارٹی کے مؤقف کو عوام سراہتے ہیں۔
میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا مستقل حل صرف پرامن سیاسی جدوجہد، جمہوری مزاحمت، آئینی راستے اور عوامی طاقت کے ذریعے ممکن ہے، جبکہ پارٹی ہمیشہ تشدد کے بجائے مکالمے اور جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی سیاسی شخصیات اور کارکنوں کی شمولیت سے نہ صرف نیشنل پارٹی مزید مضبوط ہوگی بلکہ اس کے مثبت اثرات بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور ہمدردوں سے اپیل کی کہ وہ گرینڈ شمولیتی پروگرام میں بھرپور شرکت کرکے نئے ساتھیوں کا پرتپاک استقبال کریں۔




