کوئٹہ: سیریس کرائم یونٹ کی بڑی کامیابی، 8 قتل کے مقدمات میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ میں سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ (SCIW) نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے 8 مقدمات میں نامزد دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ایس ایس پی ایس سی آئی ڈبلیو کیپٹن (ر) دوست محمد بگٹی کی نگرانی میں انویسٹی گیشن ٹیم نے جدید تکنیکی تجزیے، انٹیلی جنس معلومات اور مسلسل نگرانی کی مدد سے ہزار گنجی کے علاقے میں کارروائی کر کے عبدالرزاق اور محمد اکرام کو گرفتار کیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف مقدمات میں نامزد تھے، جن میں ایک مقدمہ ایک شخص کے قتل، دوسرا ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے قتل جبکہ تیسرا ایک خاندان کے دو افراد کے قتل سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور مقدمہ بھی کرائم برانچ کوئٹہ میں زیرِ تفتیش ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر قمبرانی روڈ پر واقع زیرِ تعمیر مکان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، جس میں ایک .223 بور رائفل، ایک ایس ایم جی، تین ٹی ٹی پسٹل اور 40 زندہ کارتوس شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ اس کامیاب کارروائی میں انچارج ایس سی آئی ڈبلیو نظام الحق، ایس آئی مجیب الرحمن، ایس آئی سمیع اللہ، انسپکٹر اسد مندوخیل اور ایس آئی زین اللہ نے اہم کردار ادا کیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ مقدمات کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں یا ملوث افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں