سانحہ زیارت: حکومتی وفد اور لواحقین کے مذاکرات میں ابتدائی پیش رفت

کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ میں سانحہ زیارت کے شہداء کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی سے حکومتی وفد کے مذاکرات رات گئے تک جاری رہے۔ معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق ابتدائی پیش رفت سامنے آئی ہے اور حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مذاکراتی وفد کی قیادت صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں سینیٹر منظور احمد کاکڑ، بلال کاکڑ، کمشنر کوئٹہ شہازیب خان اور دیگر بھی شامل ہیں۔

حکومتی وفد کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز اور لواحقین کے دیگر مطالبات پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبے کے مختلف اضلاع میں آپریشن جاری ہیں اور حکومت شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ حکومتی کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق دھرنا شرکاء اور لواحقین سے ملاقات حکومت کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔

دوسری جانب آل پارٹیز کے وفد میں رحیم زیارتوال، نصراللہ زیرے، اصغر خان اچکزئی، آغا حسن، ڈاکٹر اسحاق، عبدالمتین اخونزادہ، دلاور خان اور دیگر رہنما شریک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں