زیارت میں‌ مزید 19 پولیس اہلکاروں کی لاشیں ملنے کی اطلاعات،

زیارت (اولس نیوز) زیارت میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے 19 پولیس اہلکاروں کے بارے میں ذرائع کے مطابق انہیں شہید کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بلوچستان پولیس کے شہداء کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے۔ زرغون غر کے مختلف مقامات سے لاشیں ملنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تاحال اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ واقعے کے بعد زیارت ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ایمبولینسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق لاشیں مختلف مقامات سے ملی ہیں اور ان کی شناخت و واقعے کی نوعیت سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اغوا کیے گئے افراد میں سے 9 کی لاشیں بھی برآمد ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ تازہ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس میں مسلح افراد لاشیں اٹھانے کے لیے کہہ رہے ہیں، تاہم اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ حتمی تفصیلات کے لیے سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں