پی پی پی اور ن لیگ کے درمیان معاہدہ تبدیل، میر سرفراز بگٹی ہی وزیر اعلی بلوچستان رہیں گے، اعلی سطح کا فیصلہ

بلوچستان کابینہ میں بڑی تبدیلیاں اور قلمدان تبدیل کرنے کا امکان، ایاز صادق اور اعجاز جاکرانی رپورٹ تیار کریں گے
متعدد وزرا کابینہ سے فارغ، نئے وزرا اور مشیر شامل کیے جائیں گے، سفارشات کی منظوری کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا
کوئٹہ(یو این اے )پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے درمیان ڈھائی ڈھائی سالہ حکومت کا معاہدہ بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کے تحت میر سرفراز بگٹی ہی وزیر اعلی بلوچستان رہیں گے۔ اب پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی قیادت کے درمیان اعلی سطح پر رابطہ ہوا ہے جس میں بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نون لیگ کی جانب سے سردار ایاز صادق اور پیپلز پارٹی کے اعجاز خان جاکرانی بلوچستان کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور سفارشات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کر کے اپنے پارٹی قائدین کو پیش کریں گے۔ دونوں رہنماں کے درمیان اس سلسلے میں ایک اہم ملاقات پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کابینہ میں رد و بدل سے متعلق سفارشات دونوں جماعتوں کی اعلی قیادت کو ارسال کرنے کے بعد حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ ذرائع اس بات کی بھی تصدیق کر رہے ہیں کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد وزرا کے قلمدان تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے، جبکہ بعض وزرا کو کارکردگی کی بنیاد پر بلوچستان کابینہ سے فارغ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ میں کچھ نئے وزرا اور مشیروں کی شمولیت بھی ظاہر کی جا رہی ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت کی نئی تشکیل سامنے آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں