کوئٹہ: سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب گردی کے واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کا احتجاج مسلسل 17ویں روز بھی جاری ہے۔
احتجاج کے باعث وائی ڈی اے کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی اور جنرل ڈیوٹی کا مکمل بائیکاٹ برقرار ہے، جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وائی ڈی اے نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکرٹری صحت بلوچستان اور ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ تنظیم نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
مزید برآں، وائی ڈی اے نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہیلتھ ورکرز سیکیورٹی ایکٹ کے فوری نفاذ پر زور دیا ہے۔




