اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا، خاتون خودکش حملہ آور گرفتار

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر کے اسلام آباد کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے خاتون کو بلیک میل کر کے خودکش حملے کے لیے تیار کیا تھا۔ خاتون کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں خواتین کو پھنسانے کے لیے “ہنی ٹریپ” اور بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔ گرفتار خاتون نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اسے اسلام آباد میں کارروائی کرنا تھی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کی یہ کارروائیاں بلوچ روایات اور بلوچ قوم کی نمائندگی نہیں کرتیں بلکہ معصوم بچیوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے خاتون کو اس کے والد کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسے دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لایا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں