سپریم کونسل کی زیرِ نگرانی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے انتخابات کامیابی سے مکمل — نئی قیادت کا باضابطہ اعلان

کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی نئی کابینہ کے انتخابات سپریم کونسل کی زیرِ نگرانی شفاف، منظم اور جمہوری انداز میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے۔ ایک ماہ پر محیط اس انتخابی عمل میں بلوچستان بھر کے ڈاکٹرز نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اتحاد، شعور اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا عملی مظاہرہ کیا۔
بولان میڈیکل کالج، کوئٹہ انسٹویٹ آف میڈیکل سائنسز ، جھالاوان میڈیکل کالج، مکران میڈیکل کالج، لورالائی میڈیکل کالج ، اندورن ملک دیگر میڈیکل کالجز سمیت فارن گریجویٹس کے نمائندگان نے اس عمل میں سرگرم کردار ادا کیا۔ مجموعی طور پر 82 ایگزیکٹو ممبران نے بطور کونسلرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا، جبکہ ایگزیکٹو ممبران کو ان کے اپنے حلقوں میں حاصل ہونے والی واضح اکثریت کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔

صدر کے عہدے کے لیے ڈاکٹر حئی بلوچ اور ڈاکٹر طارق بلوچ امیدوار تھے، تاہم ڈاکٹر طارق بلوچ نے وسیع تر اتحاد اور تنظیمی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر حئی بلوچ کے حق میں دستبرداری اختیار کی، جس کے بعد ڈاکٹر حئی بلوچ بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔

وائس پریزیڈنٹ کے لیے ڈاکٹر عادل اور ڈاکٹر مزمل پانیزئی کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں ڈاکٹر مزمل پانیزئی نے واضح اکثریت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے تنظیمی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے ڈاکٹر عادل کے حق میں دستبرداری اختیار کی اور انہیں وائس پریزیڈنٹ کے لیے نامزد کیا۔

جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ڈاکٹر علی جان کاکڑ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

ترجمان کے عہدے کے لیے مقابلہ جاتی انتخابی عمل دیکھنے میں آیا، جس میں ڈاکٹر ثناءاللہ بلوچ اور ڈاکٹر طارق بلوچ دونوں امیدواروں نے بھرپور حصہ لیا۔ دونوں امیدواروں نے انتخابی مہم میں متحرک کردار ادا کیا اور اپنے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔ بعد ازاں ہونے والے باقاعدہ انتخاب میں ڈاکٹر ثناءاللہ بلوچ نے واضح اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ترجمان کے عہدے کے لیے اعتماد حاصل کیا، جبکہ ڈاکٹر طارق بلوچ کی بھرپور شرکت نے انتخابی عمل کو مزید مضبوط اور جمہوری بنایا۔

جوائنٹ سیکرٹری کے لیے ڈاکٹر عرفان بگٹی اور ڈاکٹر اویس علیزئی میدان میں تھے، تاہم ڈاکٹر اویس علیزئی نے ڈاکٹر عرفان بگٹی کے حق میں دستبرداری اختیار کی۔

اسی طرح ڈاکٹر مزمل پانیزئی بلا مقابلہ ایجوکیشنل سیکرٹری اور ڈاکٹر عبداللہ بلا مقابلہ فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔
آفس سیکرٹری کے لیے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ اور ڈاکٹر خان محمد بنگلزئی امیدوار تھے، تاہم ڈاکٹر خان محمد بنگلزئی نے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کے حق میں دستبرداری اختیار کی۔

یوں یہ پورا انتخابی عمل باہمی اتفاق، جمہوری اقدار اور تنظیمی یکجہتی کی روشن مثال بن کر کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔
سپریم کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نئی منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ نئی قیادت صوبے کے ڈاکٹرز کو درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ، اور محکمہ صحت میں بہتری کے لیے بھرپور اور مؤثر جدوجہد جاری رکھے گی، اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گی۔

*نومنتخب مرکزی کابینہ* :

*پریزیڈنٹ* : ڈاکٹر حئی بلوچ
*وائس پریزیڈنٹ* : ڈاکٹر عادل خان ناصر
*جنرل سیکرٹری* : ڈاکٹر علی جان کاکڑ
*ترجمان* : ڈاکٹر ثناءاللہ بلوچ
*جوائنٹ سیکریٹری*: ڈاکٹر عرفان بگٹی
*ایجوکیشنل سیکرٹری* : ڈاکٹر مزمل پانیزئی
*فنانس سیکرٹری* : ڈاکٹر عبداللہ ترین
*آفس سیکرٹری* : ڈاکٹر غلام مرتضیٰ بلوچ

*میڈیا سیل*
*سپریم کونسل*
*ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان*

اپنا تبصرہ بھیجیں