وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا پبلک سروس کمیشن میں تقرری پر اظہارِ خیال

کوئٹہ(اولس نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے عہدے پر جسٹس (ریٹائرڈ) مہتا کوہلی کی تقرری ایک انتہائی اہم اور مثبت قدم ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پورے بلوچستان میں کوئی ایسا شخص نہیں جو جسٹس (ریٹائرڈ) مہتا کوہلی کے کردار اور ایمانداری پر سوال اٹھا سکے، اور ان کی ساکھ شفافیت اور دیانتداری کی علامت ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صرف دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ گڈ گورننس کے قیام اور میرٹ کے عملی نفاذ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، اور پبلک سروس کمیشن میں یہ تقرری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں اور منصفانہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں