ضلع قلعہ عبداللہ (اولس نیوز کوئٹہ ) قلعہ عبداللہ کے علاقے توبہ اچکزئی کے بیشتر علاقوں کے باہمی رابطے شدید برفباری کے بعد بھی تاحال منقطع ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی اہم رابطہ سڑکیں اب تک بند پڑی ہیں اور آمدورفت معطل ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سرکاری اقدامات نہ ہونے کے باعث عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت راستوں کی صفائی اور بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسلسل تاخیر کے باعث انہیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔
علاقے کے لوگوں نے قلعہ عبداللہ کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بھاری مشینری فراہم کر کے تمام رابطہ سڑکوں کو کھولا جائے۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سے قبل راستے کھولنے کا دعویٰ کر چکی تھی، تاہم بیشتر مقامات پر تاحال سڑکیں بند ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر مریضوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔




