کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق پیر کے روز صوبے کے مختلف اضلاع میں درمیانی شدت کی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ گوادر (جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ)، خضدار، کیچ (تربت)، چاغی (تفتان، نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، کوئٹہ، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی (موسیٰ خیل) اور آواران میں بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران گوادر، خضدار،آواران، چاغی، پنجگور، واشک اور کیچ کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، کوہلو، جھل مگسی اور لورالائی میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔اسی طرح کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین، ہرمازئی، خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے درمیانی برفباری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ برفباری والے علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمے کے مطابق منگل کے روز کوئٹہ، مستونگ، سوراب، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، نوشکی، پشین، پنجگور، چاغی، واشک، خاران اور قلات میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان برقرار رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں 4.7 انچ برفباری جبکہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ قلات میں 34 ملی میٹر بارش جبکہ زیارت میں 17.25 ملی میٹر، دالبندین میں 15.2 ملی میٹر اور دیگر علاقوں میں مختلف مقدار میں بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کا امکان، الرٹ جاری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




