جے یو آئی کا ملک گیر احتجاج، متعدد شہروں میں شاہراہیں بند۔

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران مختلف شہروں میں کارکنوں نے قومی شاہراہیں، موٹروے ٹول پلازے اور اہم سڑکیں بند کردیں۔ احتجاج کے باعث متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے موٹروے ٹول پلازہ پر دھرنا دے کر اسے بند کردیا، جبکہ قلات میں مفتی محمد طیب حیدری کی قیادت میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند کی گئی۔

سندھ میں لاڑکانہ، شکارپور، نوشہرو فیروز، سجاول، جیکب آباد اور ٹنڈوالہ یار سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے دیے گئے۔ لاڑکانہ میں انڈس ہائی وے، نوشہرو فیروز میں کراچی سکھر روڈ، سجاول میں نیشنل ہائی وے جبکہ جیکب آباد میں سندھ بلوچستان بارڈر پر ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی۔

کراچی میں گھگھر پھاٹک اور سپر ہائی وے سمیت مختلف مقامات پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ضلع کیماڑی میں حب ٹول پلازہ کے قریب جے یو آئی کے کارکنوں نے پُرامن احتجاج کیا، جہاں ترجمان کے مطابق مریضوں، ایمبولینسوں اور خواتین کے لیے راستہ کھلا رکھا گیا۔

خیبر پختونخوا میں کوہستان کے کمیلہ، داسو اور پٹن، شانگلہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، مانسہرہ، ضلع خیبر، لکی مروت، بونیر، کرک، دروش اور شیرگڑھ سمیت متعدد مقامات پر شاہراہیں بند کرکے دھرنے دیے گئے۔ احتجاج کے باعث شاہراہ قراقرم، انڈس ہائی وے اور جمرود طورخم شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی۔

بلوچستان میں کوئٹہ کے سبی روڈ اور بلیل، حب کے بھوانی، زیارت کے پیچی، چمن کے کوژک، قلعہ عبداللہ، لورالائی اور چاغی میں بھی احتجاجی دھرنے دیے گئے۔ لورالائی میں کوئٹہ اور ڈیرہ غازی خان جانے والی شاہراہوں کو بند کیا گیا، جبکہ چاغی میں پاک ایران شاہراہ پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق احتجاج مرکزی قیادت کی گرفتاریوں کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پر کارکنان نے گرفتار رہنماؤں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرکزی قیادت کے مطالبات کی حمایت میں دھرنے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

احتجاج کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹریفک متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں