کوئٹہ: کیسکو انٹرویوز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ کا احتجاج، قومی شاہراہ بلاک
کوئٹہ: آئی ٹی یونیورسٹی کوئٹہ میں کیسکو (کیو ای ایس سی او) کے انٹرویوز کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ نے بلیلی کے مقام پر قومی شاہراہ بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوگئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ کیسکو میں بھرتیوں کے لیے ہونے والے انٹرویوز میں مبینہ بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، جس پر انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور شفاف تحقیقات کے ذریعے میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ طلبہ کے احتجاج کے باعث بلیلی کے مقام پر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ واضح رہے کہ کیسکو کے انٹرویوز کوئٹہ میں 20 نومبر کو مقرر تھے۔ احتجاج اور قومی شاہراہ کی بندش کے معاملے پر تاحال متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔
کیسکو انٹرویوز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ کا احتجاج، قومی شاہراہ بلاک




