خاران کا فنی تربیتی مرکز 5 ماہ سے بند، طلبہ کا مستقبل داؤ پر

خاران کا فنی تربیتی مرکز پانچ ماہ سے بند، طلبہ کا وقت اور مستقبل ضائع ہونے پر بساک کا اظہارِ تشویش

خاران (اولس نیوز ) بلوچستان اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) خاران زون نے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) خاران کی گزشتہ پانچ ماہ سے بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مرکز میں فوری طور پر باقاعدہ تدریسی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور طلبہ کا ادھورا تعلیمی سلسلہ مکمل کروایا جائے۔بساک خاران زون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا پہلا تعلیمی بیچ صرف ایک ماہ تک کلاسز لے سکا، جبکہ چھ ماہ کا کورس اب تک مکمل ہو جانا چاہیے تھا، تاہم پانچ ماہ گزرنے کے باوجود مرکز میں تدریسی سرگرمیاں بحال نہیں ہو سکیں۔بیان کے مطابق انتظامیہ نے اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے دوبارہ داخلہ مہم شروع کر دی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تشہیری مواد اور تصاویر شیئر کی گئیں، جبکہ اسکولوں، کالجوں اور دینی مدارس میں بھی داخلہ مہم چلائی گئی۔ نئے طلبہ نے داخلے بھی لیے، لیکن داخلوں کے مراحل مکمل ہونے کے باوجود آج تک باقاعدہ کلاسز شروع نہیں کی گئیں۔بساک خاران زون کا کہنا ہے کہ کبھی آن لائن کلاسز اور کبھی بالمشافہ تدریس کے وعدے کیے جاتے ہیں، تاہم عملی طور پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خاران میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کی بار بار بندش کے باعث آن لائن تعلیم ممکن نہیں، جبکہ ہر طالب علم کے گھر میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے۔بیان میں لڑکوں کے لیے بس سروس کی عدم دستیابی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے قیام سے اب تک بس سروس فعال نہیں کی گئی۔بساک خاران زون نے متعلقہ انتظامیہ سے سوال کیا ہے کہ شہر میں موجود تربیتی مرکز میں آن لائن کلاسز کی ضرورت کیوں پیش آئی، لڑکوں کی بس سروس آج تک بحال کیوں نہیں کی گئی، پہلے بیچ کی کلاسز ایک ماہ بعد بند کرکے دوبارہ داخلہ مہم کیوں چلائی گئی اور پہلے بیچ کے طلبہ کا ادھورا کورس کب مکمل کروایا جائے گا؟

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کی سرگرمیاں عملی طور پر محدود ہو کر رہ گئی ہیں اور طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔بساک خاران زون نے مطالبہ کیا ہے کہ مرکز میں فوری طور پر باقاعدہ کلاسز شروع کی جائیں، لڑکوں کے لیے بس سروس بحال کی جائے، پہلے بیچ کا ادھورا کورس مکمل کروایا جائے اور پانچ ماہ کی بندش کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان سے جواب طلب کیا جائے۔بساک خاران زون نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر عملی اقدامات نہ کیے گئے تو طلبہ کے مستقبل کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور حکام پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں