کوئٹہ: بلوچستان پولیس اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی اور بائیومیٹرک سہولیات کے حصول کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ معاہدے کا مقصد پولیس کے شناختی تصدیق کے نظام کو جدید بنانا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری لانا ہے۔
یہ معاہدہ 6 نومبر کو سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں طے پایا، جس پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر اور ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ تقریب میں پولیس اور نادرا کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
معاہدے کے تحت نادرا بلوچستان پولیس کو ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم، نادرا فارنزک ایکوزیشن ایپلی کیشن اور پاک آئی ڈی انٹرپرائز یوزر کی سہولیات فراہم کرے گا۔
اس نظام کے ذریعے پولیس خدمت مراکز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق، شناختی کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال ممکن ہوگی۔
معاہدے کے تحت نادرا کی فارنزک ایپلی کیشن کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کی بنیاد پر فارنزک میچنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے نتائج ایک محفوظ نظام کے ذریعے سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں قائم مخصوص پورٹل پر دستیاب ہوں گے۔
حکام کے مطابق یہ سہولیات جرائم کی تفتیش، مشتبہ افراد کی شناخت اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔ معاہدے میں شہریوں کے ذاتی کوائف کے تحفظ، رازداری اور ڈیٹا کے صرف مجاز استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی ضوابط کی پابندی بھی شامل ہے۔
حکام نے اس معاہدے کو بلوچستان میں جدید ڈیجیٹل پولیسنگ کے فروغ اور پولیس خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناخت اور بائیومیٹرک سہولیات کے لیے اہم معاہدہ




