کوئٹہ (اولس نیوز): کوئٹہ میں غیر قانونی رکشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے دوران 27 تیز رفتار رکشے اور 10 جعلی پرمٹس ضبط کر لیے گئے ہیں۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق شہر میں غیر قانونی رکشوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں لیویز فورس اور ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کر کے رکشوں کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی اور ضروری کاغذات کے بغیر چلنے والے رکشوں کو تحویل میں لے کر تھانوں میں بند کیا جا رہا ہے، جبکہ جعلی پرمٹس کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اس کریک ڈاؤن کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور غیر قانونی رکشوں کی نقل و حرکت کو روکنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں قانونی تقاضے پورے کیے بغیر چلنے والے رکشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔




