کوئٹہ میں مشکوک گاڑی سے مسلح افراد کی فائرنگ، کانسٹیبل شہید، پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ دو پولیس اہلکاروں اور دو راہگیروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

ڈیلی قدرت کے مطابق واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار معمول کی ناکہ بندی اور چیکنگ پر مامور تھے۔ پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا تو جوائنٹ روڈ پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل نعمان شہید ہوگئے۔ فائرنگ سے کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل خالد زخمی ہوئے، جبکہ دو راہگیر عطا محمد اور حارث بھی زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق زخمی کانسٹیبل خالد کی حالت تشویشناک تھی اور انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ شہباز اقبال کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید پیش رفت کا انتظار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں