واسا کی کارکردگی پر بلاجواز تنقید مسترد، پانی کی قلت دیرینہ مسئلہ قرار

کوئٹہ: واسا حکام نے سوشل میڈیا پر ادارے کی کارکردگی کے خلاف سامنے آنے والی تنقید اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق نان کیڈر افسر کی تعیناتی اور پانی کے بحران سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں اور ادارے کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کی قلت ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ ہے، جس کی بڑی وجوہات زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی، بڑھتی آبادی اور محدود وسائل ہیں۔ ان حالات کے باوجود واسا دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کا تاثر درست نہیں۔ مختلف علاقوں میں شیڈول کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ضرورت کے وقت ہنگامی بنیادوں پر ٹینکر سروس بھی جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق صارفین کی جانب سے پانی کے واجبات کی عدم ادائیگی بھی ادارے کے لیے ایک بڑا مالی مسئلہ ہے۔ شہریوں کے ذمے کروڑوں روپے کے بقایاجات ہیں، جس کے باعث نظام کی بہتری اور پانی کی فراہمی کے منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔

واساکے حکام نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ملازمین اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بلاجواز تنقید کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں