اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش سے متعلق رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کوئی سڑک بند نہیں کی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر رکھے گئے کنٹینرز شہریوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدام ہیں۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق یہ حفاظتی اقدامات اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کی جان و مال، عوامی انفراسٹرکچر اور حساس تنصیبات کا تحفظ ہے۔
وزارت نے غیرملکی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹنگ پر بھی اعتراض کرتے ہوئے اسے یکطرفہ اور گمراہ کن قرار دیا۔ وزارت کے مطابق رپورٹ میں حفاظتی اقدامات کو سڑکوں کی بندش کے طور پر پیش کیا گیا، جبکہ حکومتی مؤقف کے مطابق تمام سڑکیں کھلی ہیں۔
دوسری جانب الجزیرہ کی رپورٹ میں اسلام آباد میں مختلف مقامات پر کنٹینرز کے ذریعے راستوں میں رکاوٹوں اور ان کے باعث ٹرک ڈرائیوروں اور کاروبار کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات کو سڑکوں کی بندش قرار دینا صورتحال کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔