باغات سے فائرنگ پر مالک کو سہولت کار سمجھنا منطق کا جنازہ ہے، حافظ حمداللہ

کوئٹہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے باغات سے فائرنگ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ اگر باغات سے فائرنگ ہوئی تو باغ کے مالک کو سہولت کار سمجھ کر کارروائی کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر چور گھر میں داخل ہوں اور ڈاکو فرار ہو جائیں تو کیا گھر کا مالک ہی ڈاکو بن جائے گا؟انہوں نے کہا کہ یہ قانون نہیں بلکہ منطق کا جنازہ ہے، جسے سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔

 

بلوچستان: نجی جائیداد سے حملہ ہوا تو مالک سہولت کار ہوگا، سرفراز بگٹی

 

حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ یہ تو وہی بات ہوئی کہ مرض کہیں اور ہو اور علاج کہیں اور کیا جائے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی واقعے کی ذمہ داری کا تعین شواہد اور تحقیقات کی بنیاد پر ہونا چاہیے، محض کسی جگہ سے فائرنگ ہونے کی صورت میں وہاں کے مالک کو سہولت کار قرار دینا مناسب نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں