کوئٹہ( اولس نیوز ) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدر رحیم آغا کی قیادت میں تاجربرادری نے ملاقات کی، جس میں معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں تاجربرادری کو درپیش مسائل، امن و امان اور قومی شاہراہوں کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم حکومت تاجربرادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ افغانستان کی سرزمین بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور معصوم نوجوانوں اور خواتین کو نشانہ بنانا ہماری روایات کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند عناصر دشمن ملک کے ایما پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومت کل ایک بار پھر تاجربرادری کے ساتھ بیٹھ کر مسائل پر بات کرے گی۔ اس موقع پر تاجربرادری نے قومی شاہراہوں پر ٹرکوں اور بوزروں کو جلانے کے واقعات اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق اپنے تحفظات بھی حکومت کے سامنے رکھے۔




