کوئٹہ سے کراچی جانے والی السیف کوچ کمپنی کی مسافر بس پر کھڈ کوچہ کے مقام پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار مسافر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
السیف کوچ کمپنی کے ترجمان کے مطابق، بزنس کلاس مسافر بس آج دوپہر ایک بجے کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ کھڈ کوچہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
واقعے کے بعد جاں بحق افراد اور زخمیوں کو فوری طور پر مستونگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ بعد ازاں انہیں کوئٹہ منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، آج اسی مقام پر کوئٹہ سے تربت جانے والی المنیر کوچ کمپنی کی مسافر بس پر بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
ادھر پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ آج اسی علاقے میں مبینہ دہشت گردوں کے خلاف کیے گئے آپریشن کے دوران دس دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
آپریشن کے باعث کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ قلات، منگچر اور کھڈ کوچہ کے علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی۔ تاہم آخری اطلاعات تک شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں اب بھی سیکیورٹی صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔




