قلات کے قریب گزشتہ رات فائرنگ کا واقعہ، نوجوان ڈاکٹر سمیت دو افراد زخمی، کوئٹہ منتقل ، ہنگامی سرجری جاری
قلات کے نواحی علاقے میں کوئٹہ جانے والے نوجوان ڈاکٹر زرک اور ان کے ایک ساتھی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال قلات منتقل کیا گیا، جہاں ڈی ایم ایس قلات ڈاکٹر یعقوب کی نگرانی میں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر قلات کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایچ او قلات ڈاکٹر انجم ضیاء اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی مشترکہ کاوشوں سے زخمیوں کو مزید علاج کے لیے نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ روانہ کیا گیا۔
مستونگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم پہلے سے الرٹ تھی، جبکہ کوئٹہ سے بھی سینئر کنسلٹنٹس اور نوجوان ڈاکٹرز زخمیوں کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔ ابتدائی معائنے کے بعد طبی ماہرین نے زخمی ڈاکٹر کو فوری اور بہتر علاج کے لیے ٹراما سینٹر اینڈ ایمرجنسی ریسپانس یونٹ کوئٹہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، زخمی ڈاکٹر کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ٹراما سینٹر میں ان کی ہنگامی سرجری جاری ہے۔



