گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اب تک نو نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے سب سے آگے ہے۔
الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس سیاسی مقابلے میں آزاد امیدوار بھی بھرپور طریقے سے سامنے آئے ہیں اور انہوں نے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) اب تک دو نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ مجلس وحدت مسلمین یعنی ایم ڈبلیو ایم کو ایک نشست پر کامیابی ملی ہے۔
مختلف حلقوں کے موصول ہونے والے مکمل پولنگ اسٹیشنز کے نتائج پر نظر ڈالیں تو جی بی ون کے تمام 80 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے امجد حسین 10 ہزار 594 ووٹ لے کر کامیاب ہو چکے ہیں۔
جی بی ٹو کے تمام 77 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق مسلم لیگ ن کے حافظ حفیظ الرحمٰن نے کامیابی حاصل کی ہے۔
جی بی تھری کے 82 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سہیل عباس 7 ہزار 877 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی کامیابی کا سلسلہ مزید حلقوں میں بھی دیکھا گیا، جہاں جی بی فور کے تمام 60 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر 7 ہزار 654 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
جی بی فائیو کے 32 پولنگ اسٹیشنز سے اسی جماعت کے ذوالفقار علی مراد نے 3 ہزار 705 ووٹ لے کر اپنی جیت یقینی بنائی۔
اسی طرح جی بی سیون کے تمام 31 پولنگ اسٹیشنز سے پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی شاہ کامیاب رہے، جبکہ جی بی ایٹ کے تمام 57 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے محمد کاظم میثم نے میدان مارا ہے۔
اسکردو اور قریبی علاقوں میں بھی پیپلز پارٹی کی پوزیشن مضبوط رہی، جہاں جی بی نائن کے 56 پولنگ اسٹیشنز سے حاجی فدا ناشاد اور جی بی ٹین کے 50 پولنگ اسٹیشنز سے راجہ ناصر کامیاب قرار پائے۔
جی بی 11 کے تمام 43 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے اقبال حسن نے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ جی بی 12 کے تمام اکہتر پولنگ اسٹیشنز سے پیپلز پارٹی کے ہی عمران ندیم 12 ہزار 944 ووٹ لے کر واضح اکثریت سے جیتے ہیں۔
دیگر اہم حلقوں کے نتائج میں مسلم لیگ ن کے ابراہیم ثنائی نے جی بی 22 کے 57 پولنگ اسٹیشنز سے 10 ہزار 136 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے۔
دوسری طرف آزاد امیدواروں نے بھی کئی مقامات پر سیاسی جماعتوں کو پچھاڑ دیا ہے، جس میں جی بی 23 کے 48/ پولنگ اسٹیشنز سے آزاد امیدوار حاجی انور علی 12 ہزار 117 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔
جبکہ جی بی 24 کے 46 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد شفیق 7 ہزار 164 ووٹ لے کر الیکشن جیت چکے ہیں۔




