بھارت کی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نیٹ، سی بی ایس ای، سی یو ای ٹی اور ایس ایس سی جی ڈی جیسے اہم قومی امتحانات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف نئی دہلی کے تاریخی مقام جنتر منتر پر ایک بڑا احتجاج کر رہی ہے۔
اس حوالے سے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایک طنز کے طور پر شروع ہونے والی یہ تحریک بہت کم وقت میں نوجوان نسل کے لیے ایک بڑا سیاسی پلیٹ فارم بن چکی ہے اور انسٹاگرام پر اس کے 22 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے اس احتجاج کا بنیادی مقصد حالیہ سی بی ایس ای اور نیٹ امتحانات میں ہونے والی مبینہ گڑبڑ اور ناکامیوں پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفا لینا ہے۔
اس مہم کے بانی ابھیجیت دیپکے امریکا کے شہر بوسٹن سے بھارت واپس پہنچ چکے ہیں اور یہ احتجاج ان کی اس آن لائن مہم کا پہلا بڑا امتحان سمجھا جا رہا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے بھی ہفتے کی صبح امریکا سے بھارت پہنچنے کے بعد احتجاج میں پہنچے۔
اس سے قبل ان کے حامیوں نے دلی ایئرپورٹ پر جمع ہونے کی اپیل کی تھی لیکن ابھیجیت دیپکے نے عوامی سہولت اور سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر لوگوں کو وہاں آنے سے منع کر دیا تھا۔
دلی پولیس نے ابھیجیت دیپکے سے ایئرپورٹ پر ملاقات کے بعد انہیں جنتر منتر پر پرامن مظاہرہ کرنے کی باقاعدہ اجازت دی۔
ابھیجیت دیپکے جب ایئرپورٹ سے باہر آئے تو ان کے ہاتھ میں بھارت کے آئین کے بانی بی آر امبیڈکر کی سوانح عمری کی ایک کتاب بھی موجود تھی۔




