ضلع نوشکی میں کوئٹہ تفتان مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کے دوران ریکوڈک پروجیکٹ سے وابستہ 17 افراد کو حراست میں لے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز شام کے وقت نوشکی کے علاقے مَل میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ قائم کرکے مختلف گاڑیوں کی تلاشی لی۔
ذرائع کے مطابق زیر حراست لیے جانے والے تمام افراد ریکوڈک منصوبے سے وابستہ تھے، تاہم ان کی مکمل شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جارہا ہے جبکہ شاہراہ پر آمد و رفت بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں مستونگ، خاران اور نوشکی کے قریب معدنیات لے جانے والی گاڑیوں اور ان کی سیکیورٹی پر مامور فورسز پر حملوں کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال واقعے سے متعلق کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔




