بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں، ہم اپنے علاقوں میں سڑک کے ذریعے نہیں جا سکتے” — صادق عمرانی

بلوچستان اسمبلی میں امن و امان کی خراب صورتحال پر پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی میر صادق عمرانی پھٹ پڑے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں جبکہ نوابزادہ طارق مگسی سمیت وہ خود بھی روڈ کے ذریعے اپنے علاقوں میں نہیں جا سکتے۔
صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ سے بارہا رابطہ کیا مگر کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب اپنے وزراء کو تحفظ نہیں دیا جا سکتا تو پھر اس ایوان میں بیٹھنے کا کیا فائدہ؟
انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی کے بائیکاٹ کا عندیہ بھی دے دیا۔ ان کے مطابق صوبے کے اہم شاہراہیں خضدار، ژوب اور نصیر آباد روڈ بند ہیں جبکہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
صادق عمرانی نے کہا کہ اربوں روپے امن و امان پر خرچ ہونے کے باوجود صورتحال قابو میں نہیں، ایف سی شام ہوتے ہی کیمپوں میں چلی جاتی ہے جبکہ فوج دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ان کے علاقے میں قبائلی تصادم کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور جنگ روکنے کے لیے جرگہ لے کر جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں