لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکہ، خاتون سمیت 7 افراد شہید، کئی زخمی

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں 7 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سرائے نورنگ بم دھماکے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے، ایل ایچ سی راحت اللہ اور عادل جان دونوں دھماکے میں جاں بحق ہوئے،ریسکیو 1122 نےجاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک خاتون بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسی ہیں جس سے شہدا کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

ادھر بنوں کے علاقے فتح خیل میں ریڑہ پل کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد سے اڑا دیا۔

آر پی او سجاد خان کے مطابق پل گرنے سے کوئی جنی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ پل مضافات کے علاقوں کو شہر سے ملاتا تھا، فتح خیل میں ریڑہ پل کا ملبہ ہٹانے کے لیے امدادی کام جاری ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار دھماکہ میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کے شہید ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کے لیۓ تمام متعلقہ ادارے اور حکومت غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں روکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف اس جدو جہد میں بیش قدر قربانیاں دی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لکی مروت میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بے گناہ افراد کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت قانون کی حکمرانی اور پائیدار امن کیلئے سنجیدہ قابل عمل اقدامات اتھائے، معصوم افراد کا خون بہانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد صوبہ کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سرائے نورنگ بازار پھاٹک میں دھماکے کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور 5 شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

دوسری طرف سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ خوارج نے اپنے ہندوستانی آقاؤں کے اشاروں پے غضب للحق کے کامیاب آپریشنز کے نیتجے میں حواس باختہ ہو کے سول اور سوفٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں