کوئٹہ (اولس نیوز 05 اپریل2026ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی اور پٹرولیم مصنوعات کی منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور کڑی نگرانی کا نظام متعارف کرا رہی ہے۔ اس ضمن میں حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور گراں فروشی کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے ہیلپ لائن 1129 قائم کر دی گئی ہے، جہاں شہری پیٹرول کی مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی کی شکایت درج کرا سکتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ یہ ہیلپ لائن چیف منسٹر سیکرٹریٹ اور محکمہ داخلہ کی نگرانی میں کام کرے گی تاکہ شکایات کے ازالے کا عمل شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت شکایات کے فوری ازالے کے لیے موجودہ میکنزم کو مزید فعال اور مؤثر بنا رہی ہے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے اس کے ساتھ ساتھ حکومت بلوچستان نے عوامی ریلیف کے لیے ٹارگیٹڈ سبسڈی پروگرام کے تحت اقدامات کا بھی آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد مستحق طبقات کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے خبردار کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں گراں فروشی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوامی مفاد کے تحفظ، قیمتوں کے استحکام اور شفاف طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔
پیٹرولیم قیمتوں پر کڑی نگرانی، ہیلپ لائن 1129 قائم — وزیر اعلیٰ بلوچستان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




