ہرنائی(الولس نیوز ) کشمیری مہاجرین کے ووٹ اندراج کا شیڈول جاری کر دیا گیا، جبکہ رجسٹریشن کے لیے افسران بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ہرنائی آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر و رجسٹریشن آفیسر ہرنائی عبدالقیوم نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے پاکستان میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے اہل ووٹرز کے انتخابی فہرستوں میں اندراج کے لیے شیڈول جاری کیا ہے، جس کے مطابق ووٹ اندراج کی آخری تاریخ 2 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے ضلع ہرنائی میں مقیم کشمیری مہاجرین اور منگلا ڈیم متاثرین سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ رجسٹریشن افسران سے رابطہ کر کے اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالقیوم (0833520134) اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر غلام حیدر (03337837843) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر اہل فرد بروقت اپنا ووٹ رجسٹر کرے، کیونکہ بروقت اندراج جمہوری عمل کی شفافیت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں۔
مزید بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کشمیری مہاجرین کو اپنے ووٹ کے حق کے درست استعمال کا مکمل موقع فراہم کیا جا سکے۔




