کوئٹہ میں اخترآباد کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔
کوئٹہ (اولس نیوز ) کوئٹہ اخترآباد کے قریب نامعلوم افراد نے دھماکے کے ذریعے گیس پائپ لائن کو تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ شعلے دور تک دیکھے گئے۔
واقعے کے باعث مغربی بائی پاس اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق گیس سپلائی بحال کرنے کے لیے صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے جب کہ گیس انتظامیہ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے اور مرمت کا کام شروع کیا جا سکے۔
واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور سیکیورٹی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ دھماکہ تخریب کاری کا نتیجہ تھا یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔




