کوئٹہ (اولس نیوز ) سرکاری گاڑیاں گزشتہ تین سال سے ریٹائرڈ افسران کے گھریلو استعمال میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ حاضر سروس افسران پبلک بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خانوزئی کی سرکاری گاڑی سابقہ پرنسپل مس موبین فاطمہ نے سابق ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر کلیم اللہ زاہد کے حوالے کر دی تھی۔ اس حوالے سے 28 اپریل 2024 کو متعلقہ محکمہ کو باقاعدہ خط بھی لکھا گیا تھا جو اس معاملے کا اہم ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خانوزئی کی پرنسپل پروفیسر شیرین گل نے 10 فروری 2025 کو ڈائریکٹر کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کو ایک درخواست ارسال کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے 28 اپریل 2024 کو کالج میں بطور پرنسپل چارج سنبھالا لیکن اب تک ان کے لیے کوئی سرکاری سفری سہولت فراہم نہیں کی گئی۔
درخواست میں کالج کے لیے مختص سرکاری گاڑی کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں جن کے مطابق گاڑی سوزوکی کلٹس ماڈل 2021 ہے جس کا رجسٹریشن نمبر GBB-122، انجن نمبر PK10K172923 اور چیسس نمبر NFIAVK31H10072927 ہے جبکہ گاڑی کا رنگ سفید ہے۔
درخواست میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کی گئی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر سرکاری گاڑی کالج انتظامیہ کے حوالے کی جائے تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی میں سہولت فراہم ہو سکے۔




