اسلام آباد (اولس نیوز ) اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع ایک امام بارگاہ کے داخلی دروازے پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ دھماکے کے مقام پر متعدد زخمی موجود ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
پولی کلینک، پمز اور سی ڈی اے اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی، آرتھوپیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ مکمل طور پر فعال ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت اور شواہد کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اب تک 10 زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی قریبی طبی مراکز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے مقام کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔




