کوئٹہ سمیت بلوچستان میں انٹرنیٹ سروس پانچویں روز بھی معطل

کوئٹہ (اولس نیوز ) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس پانچویں روز بھی معطل ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر موبائل انٹرنیٹ سروس بند کی گئی ہے۔

انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے باعث آن لائن کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور روزمرہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل بندش سے مالی اور ذہنی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

صحافی برادری نے بھی انٹرنیٹ سروس کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صحافیوں کے مطابق خبری ترسیل، رابطوں اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں شدید رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔

شہریوں اور مختلف حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی انٹرنیٹ سروس فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں