پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے دی۔ شاہینوں کی شاندار بالنگ کی بدولت بھارتی ٹیم 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 156 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار اور پُراعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی بیٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بھرپور اعتماد کے ساتھ بھارتی بولرز پر دباؤ قائم کیے رکھا اور اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھاتے رہے۔
قومی ٹیم کے اوپنر سمیر منہاس نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔
احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35 جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 19 رنز بنا کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 ہینل پٹیل اور کِھلن پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کنیشنک چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔




