کوئٹہ: ٹریفک پولیس اہلکار نے نقد پیسے لے لیے، نہ چالان دیا نہ رسید، کوئی ریکارڈ موجود نہیں ویڈیو وائرل

کوئٹہ (اولس نیوز ) کوئٹہ میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کی مبینہ بدعنوانی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اہلکار نے شہری سے موقع پر ہی نقد رقم وصول کی اور دعویٰ کیا کہ وہ خود چالان جمع کرا دے گا، تاہم اس کے بدلے نہ کوئی چالان دیا گیا، نہ پرچی اور نہ ہی کسی قسم کا تحریری ثبوت فراہم کیا گیا۔

یہ واقعہ آج پیش آیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہلکار نے واضح طور پر کہا کہ نہ تو بینک میں چالان جمع کروانا ہے اور نہ ہی ایزی پیسہ یا کسی سرکاری ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ادائیگی کرنی ہے، بلکہ روپے نقد دے دیے جائیں اور وہ خود چالان جمع کرا دے گا۔

شہری کا کہنا ہے کہ جب اس نے اہلکار سے سوال کیا کہ اگر وہ خود چالان جمع کرا رہا ہے تو اس کا کوئی ثبوت یا رسید دکھائی جائے، تو اہلکار نے مبینہ طور پر دھمکی دی کہ موٹر سائیکل تھانے میں بند کر دی جائے گی۔ اس دباؤ کے بعد اہلکار نے موقع پر ہی روپے وصول کیے اور زبانی یقین دہانی کرائی کہ چالان جمع کرا دیا جائے گا، مگر اس کے باوجود شہری کو کوئی رسید، پرچی یا چالان فراہم نہیں کیا گیا۔

متاثرہ شہری کے مطابق یہ تمام صورتحال ویڈیو میں ریکارڈ ہے، جس میں اہلکار کو واضح طور پر یہ کہتے اور کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ رقم خود لے کر چالان جمع کروائے گا۔ ویڈیو میں نقد رقم وصول کرنے کا منظر بھی موجود ہے۔

قانونی ماہرین اور شہری حلقوں کے مطابق ٹریفک قوانین کے تحت کسی بھی اہلکار کو موقع پر نقد رقم وصول کرنے یا بغیر رسید چالان کی رقم لینے کا اختیار حاصل نہیں۔ اس طرح کا عمل نہ صرف قواعد کی خلاف ورزی ہے بلکہ بدعنوانی کے زمرے میں آتا ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکار کے خلاف ویڈیو شواہد کی بنیاد پر فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ آئندہ شہریوں کو اس قسم کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر کے سامنے آنے تک ٹریفک پولیس کوئٹہ یا متعلقہ اعلیٰ حکام کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آ سکا

اپنا تبصرہ بھیجیں