پشاور جلسے میں کارکن نہ لانے پر پی ٹی آئی کے 25 اراکین کو شوکاز نوٹس

پاکستان تحریک انصاف کے سات دسمبر کو ہوئے جلسے میں مطلوبہ تعداد میں کارکنان نہ پہنچانے پر ضلعی تنظیم کے 25 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نوٹس کے اجرا کے بعد کئی عہدیداروں نے استعفے پیش کر دیے ہیں۔

پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران ضلعی تنظیم کے عہدیدار کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے میں ناکام رہے، جس پر پارٹی کی جانب سے متعلقہ اراکین کو تین دن کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ نوٹس میں واضح کیا گیا کہ تسلی بخش وضاحت نہ آنے کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس کے اجرا کے بعد کئی عہدیداروں نے استعفے پیش کر دیے، جبکہ ضلعی تنظیم کی اعلی قیادت کو پارٹی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر بھی سخت تنبیہ کی گئی ہے۔

دوسری جانب کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ملز ایریا فٹ بال گراؤنڈ میں جلسہ گاہ میں 12 فٹ بلند اسٹیج اور کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ قریبی عمارتوں میں بھی جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک وارڈنز بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ کوہاٹ جلسہ پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت اور اعتماد کا مظہر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں پارٹی بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں