کوئٹہ،قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے زیر اہتمام چیئرمین نیب لیفٹیننٹ (ر) نذیر احمد بٹ کی ہدایات کی روشنی میں عالمی یوم انسدادِ بدعنوانی 2025 کے سلسلے میں نیب بلوچستان کمپلیکس میں ایک سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف جامعات کے اساتذہ، طلبہ، مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے، نیب کے سینئر افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی اور سیکریٹری ریونیو وریندر لعل بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ڈی جی نیب بلوچستان نعمان اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی معاشی و سماجی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اداروں پر عوام کے اعتماد کو کمزور کرتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ میگا کیسز پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے غیر ضروری شکایات سے گریز کو ترجیح دے رہا ہے تاکہ پاکستان کی دیرپا ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی یوم انسدادِ بدعنوانی اس بات کی یاد دہانی ہے کہ حکومت، عوام، تعلیمی اداروں اور میڈیا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔ڈی جی نیب نے ایک اہم کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نیب بلوچستان اور بورڈ آف ریونیو بلوچستان کے باہمی تعاون سے ایک ملین ایکڑ (10 لاکھ) سے زائد سرکاری جنگلات کی اراضی محکمہ جنگلات کے نام منتقل کی گئی، جس کی مالیت 1.3 کھرب روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کی اس تاریخی واگزاری کی مثال بلوچستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ اس شاندار کارکردگی پر چیئرمین نیب اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نیب بلوچستان اور حکومت بلوچستان کی ٹیم کو خصوصی سراہا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے باضابطہ خط کے ذریعے ڈی جی نیب بلوچستان نعمان اسلم اور کیس آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر ملک وحید احمد کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ چیئرمین نیب نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی اور سیکریٹری ریونیو ویرندر لعل کی خدمات کو بھی سراہا، جبکہ دونوں افسران نے تقریب میں شرکت کی اور ڈی جی نیب سے اعزازی اسناد وصول کیں۔ڈی جی نیب نے نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جامعات مستقبل کے دیانتدار، باصلاحیت اور وژنری رہنماؤں کی تیاری کا مرکز ہیں۔ آج کے طلبہ کل کے پالیسی ساز اور قومی ذمہ داریاں سنبھالنے والے پیشہ وران ہیں۔ اپنی موجودہ دیانت داری سے ہی وہ پاکستان کا مستقبل طے کریں گے۔تقریب میں آگاہی واک کے علاوہ مباحثہ، مضمون نویسی، آرٹ اور شارٹ فلم مقابلوں کے نمایاں شرکاء کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ ڈی جی نیب بلوچستان نے شرکاء اور مقابلوں کے تمام فاتحین کو مبارک باد پیش کی اور ان کی تخلیقی کاوشوں کو سراہا۔ تمام جیتنے والے اور رنر اپ شرکاء میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔انہوں نے میڈیا کے مثبت کردار کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کے فروغ میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور تحقیقی صحافت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے میڈیا اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ احتساب اور شفافیت کے حوالے سے قومی بیانیے کو تقویت دی جا سکے۔تقریب کا اختتام قومی یکجہتی، شفافیت اور ذاتی ذمہ داری کے نئے عزم کے ساتھ ہوا۔ سربراہ نیب بلوچستان نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ بدعنوانی سے نفرت کریں، شارٹ کٹس سے گریز کریں اور اپنی روزمرہ زندگی میں دیانت داری کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی عزم و اتحاد کے ساتھ ایک کرپشن فری پاکستان خواب نہیں، حقیقت بن سکتا ہے۔
قومی احتساب بیورو بلوچستان کا عالمی یوم انسدادِ بدعنوانی 2025 کے موقع پر سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




