کوئٹہ (اولس نیوز ) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موبائل فون انٹرنیٹ 3جی اور 4جی سروس 7ویں روز بھی معطل ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقت کے مطابق موبائل فون انٹرنیٹ سروس کی بندش میں 2 روز کا اضافہ کرتے ہوئے 18 نومبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مسلسل بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی سفارش پر مزید توسیع کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل موبائل فون انٹرنیٹ سروس 10 نومبر سے 16 نومبر تک معطل رہی، تاہم ممکنہ خطرات کے باعث اب اسے مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں صارفین گزشتہ کئی روز سے انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔
شہریوں نے اس طویل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آن لائن کاروبار کرنے والوں، فوڈ ڈلیوری رائیڈرز، طلبا اور صحافیوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی سے ان کے کام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔




