کوئٹہ محکمہ انسداد بدعنوانی بلوچستان نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسداد بدعنوانی بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ کے سخت احکامات کی روشنی میں بدعنوانی کے خلاف اہم پیش رفت کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سابق سیکیورٹی افسر شبیر علیزئی کے خلاف غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی کو موصول ہونے والی شکایت پر باقاعدہ انکوائری کی گئی جس میں انکشاف ہوا کہ ملزم شبیر علیزئی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی متعدد قیمتی جائیدادیں غیر قانونی طور پر اپنے اور دیگر غیر مجاز افراد کے نام الاٹ کیں۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ شبیر علیزئی نے جناح روڈ اور میکانگی روڈ پر واقع قیمتی پلاٹس دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ذریعے اپنے نام کروائے، جبکہ عدالت روڈ پر موجود ایک پلاٹ کو تین مختلف اوقات میں اسی نوعیت کی جعلسازی کے ذریعے اپنے نام الاٹ کروایا، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق، محکمہ انسداد بدعنوانی کی جانب سے مکمل انکوائری کے بعد الزامات درست ثابت ہونے پر سابق افسر کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔
محکمہ کے ترجمان کے مطابق، ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں اراضی الاٹمنٹ سے متعلق دیگر افسران کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
بلوچستان میں انسداد بدعنوانی کے ادارے کی اس کارروائی کو بدعنوان عناصر کے خلاف ایک اہم اور جرات مندانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔




