خیبر (اولس نیوز) پاک افغان سرحد پر واقع طورخم بارڈر بیس روز کی طویل بندش کے بعد بالآخر کھول دیا گیا، تاہم یہ گزرگاہ فی الحال صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے استعمال کی جا رہی ہے جبکہ تجارتی سرگرمیوں اور عام آمدورفت پر پابندی بدستور برقرار ہے۔
ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر بلال شاہد کے مطابق طورخم بارڈر کو ملک میں رہائش پذیر غیر قانونی افغان شہریوں کو بے دخل کرنے کے لیے کھولا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طورخم امیگریشن سینٹر پر سیکڑوں افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن اور انٹری کا عمل جاری ہے۔ امیگریشن حکام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں افغانستان جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سرحدی گزرگاہ تجارتی قافلوں اور عام پیدل آمدورفت کے لیے تاحکمِ ثانی بند رہے گی۔




