کوئٹہ: سریاب میں افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی — اے سی سریاب کا سخت ایکشن، بجلی کنیکشن منقطع ، 40 سے زائد گرفتار، دکانیں سیل
کوئٹہ: اے سی سریاب جناب مصور احمد اچکزئی کی ہدایت پر افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی کی گئی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اے سی سریاب کے دفتر سے ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا تھا، جس میں افغان مہاجرین کو 3 دن کی مہلت دی گئی تھی کہ وہ اپنے معاملات نمٹا کر رضاکارانہ طور پر علاقہ چھوڑ دیں اور اپنے وطن واپس چلے جائیں۔
تاہم، متعدد افغان شہریوں نے انتظامیہ کی ہدایت پر عمل نہیں کیا۔ اس عدم تعمیل پر آج اے سی سریاب نے کارروائی کا آغاز کیا۔ آپریشن کے دوران متعدد افغان مہاجرین کو گرفتار کیا گیا، بجلی کے کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ چار دکانیں سیل کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک چالیس سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی قانونی تقاضوں اور حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ اے سی سریاب نے واضح کیا کہ جو لوگ ابھی بھی علاقے میں موجود ہیں، ان کے پاس محدود وقت باقی ہے، لہٰذا وہ ازخود علاقہ چھوڑ دیں تاکہ کسی مزید سخت کارروائی سے بچ سکیں۔
علاقے میں پولیس اور لیویز فورس کی بھاری نفری تعینات ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی قسم کی مزاحمت یا ہنگامہ آرائی سے گریز کریں




