کوئٹہ(اولس نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے وسط میں واقع گوالمنڈی چوک تا تارو چوک پشتون آباد کی نئی تعمیر شدہ سڑک پر دو درجن سے زائد غیر ضروری جمپس ڈال دیے گئے ہیں، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
یہ سڑک حال ہی میں سرکاری فنڈز سے پختہ کی گئی تھی اور اس پر کوئی جمپ موجود نہیں تھا، تاہم بعد ازاں ٹھیکیدار کی من مانی اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث ایک کے بعد ایک جمپ ڈال دیے گئے۔ شہریوں کے مطابق یہ جمپس ٹریفک جام، حادثات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے قلب میں واقع اس اہم شاہراہ پر اس طرح کی ناقص منصوبہ بندی اور عوام دشمن اقدامات انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات کی نااہلی کا کھلا ثبوت ہیں۔ اربابِ اختیار خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جبکہ روزانہ ہزاروں شہری اور کاروباری طبقہ اس بدنظمی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت بلوچستان، محکمہ تعمیرات اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر ضروری جمپس ختم کیے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔




