خضدار پیپلزپارٹی رہنماء آغا شکیل احمد درانی کے گھر پر دستی بم حملہ، تین محافظ زخمی۔

خضدار(اولس نیوز)خضدار میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق چیئرمین ضلع کونسل آغا شکیل احمد درانی کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ واقعہ رات گئے پیش آیا جب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اچانک آغا شکیل درانی کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔

حملے کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا جس سے قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے میں آغا شکیل درانی کے تین ذاتی محافظ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

خوش قسمتی سے حملے کے وقت آغا شکیل درانی گھر پر موجود نہیں تھے۔ واقعے کے بعد پولیس اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے کے ساتھ ساتھ سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں دستی بم استعمال کیا گیا جس کے ٹکڑے بھی جائے وقوعہ سے ملے ہیں۔

سیاسی و سماجی حلقوں نے آغا شکیل درانی کے گھر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خضدار میں امن خراب کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں