ایشیا کپ: پاک یواے ای میچ غیریقینی کا شکار، آئی سی سی اور پی سی بی میں ڈیڈلاک برقرار

ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان آج شیڈول میچ غیریقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا ہے، کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اورانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان جاری ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔

پی سی بی نے آئی سی سی کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلسل دو خطوط ارسال کیے، جن میں بورڈ نے اپنے مؤقف کو دوٹوک انداز میں پیش کیا۔

تاہم، آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کے مطالبات پر کسی قسم کا مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔

موجودہ صورتحال میں قومی ٹیم ہوٹل میں موجود ہے اور انتظامیہ کی جانب سے حتمی فیصلے کا انتظار کر رہی ہے، جبکہ میچ کے آغاز میں صرف ڈیڑھ گھنٹہ باقی رہ گیا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے اہم پریس کانفرنس متوقع ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی جائے گی۔

اسی دوران سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ بھی لاہور میں قذافی اسٹیڈیم پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ محسن نقوی سے ملاقات کر کے موجودہ صورتحال پر مشاورت کر رہے ہیں۔

پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ بورڈ کی اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے اور میچ کے آغاز میں ایک گھنٹے کی تاخیر کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اچھی خبر سامنے آئے، میچ اب شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں