بھارت کی آبی جارحیت جاری، ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا

لاہور (31 اگست 2025): بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب کے ذریعہ پاکستان میں چھوڑ دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت کا سلسلہ دراز ہو گیا۔ مودی سرکار کی جانب سے ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ پہلے سیلابی پانی چھوڑنے سے قبل بھارت نے اس کی اطلاع دی تھی۔ تاہم اس بار اس نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا ہے۔

بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے ذریعہ 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے چناب کے ذریعہ پاکستان پہنچے گا۔

دریائے چناب میں چھوڑا جانے والا یہ سیلابی ریلا اگلے 48 گھنٹے میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پہنچے گا، جس سے وہاں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب اور پہلے سے تباہ حال پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔ جب کہ خانکی، قادر آباد اور ہیڈ پنجند کے مقام پر صورتحال مزید ابتر ہونے کا امکان ہے۔

بھارت نے چند روز قبل بھی 9 لاکھ کیوسک اور اس سے پہلے بھی بڑے پیمانے پر پانی پاکستان کی جانب چھوڑا تھا۔ ان سیلابی ریلوں کے چھوڑنے کی پاکستان کو اطلاع ضرور دی گئی، مگر یہ اطلاع بھی سندھ طاس معاہدے کے برخلاف سفارتی ذرائع کے ذریعہ اور آخری وقت میں دی گئی، جس کے باعث پاکستان اس سیلاب سے بچنے کے لیے کوئی موثر انتظامات نہ کر سکا۔ اور اس سیلاب کی تباہ کاریاں ابھی پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری ہیں۔

تاہم اس بار بھارت نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا ہے۔ جس سے مزید تباہی پھیلنے کا قومی امکان ہے۔ بالخصوص سیالکوٹ، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، خانیوال، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، چنیوٹ، شور کوٹ اور اطراف کے علاقوں کا زیادہ خطرہ ہے۔

2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا
پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد یہ سیلابی ریلا دریائے سندھ میں جا گرے گا۔ بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع بڑا سیلابی ریلا چھوڑے جانے کے بعد صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں