کوئٹہ (اولس نیوز) سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں صوبائی وزیر صادق عمرانی کے بیٹے کے گارڈز اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان پیش آنے والے جھگڑے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا خاتمہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد اسٹاف یونین کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، جس کے باعث سیکرٹریٹ کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے تھے۔ اس بندش کے باعث شہریوں اور سائلین کو کئی گھنٹوں تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے فریقین میں صلح کرادی گئی، جس کے بعد اسٹاف یونین نے احتجاج ختم کر دیا اور سیکرٹریٹ کے گیٹ کھول دیے گئے۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی اور پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی بھی موجود تھے، جنہوں نے اسٹاف سے ملاقات کر کے مسائل سننے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔
واقعے کے بعد امن و امان کی صورتحال بحال ہو گئی ہے اور سول سیکرٹریٹ میں معمول کے مطابق سرکاری امور جاری ہیں۔